عید کی خوشیوں میں غریب ومستحق افراد کو نہ بھولیں، ذکر اللہ مجاہد

205

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عیدالفطر کی خوشیوں میں غریب ومستحق افراد کو ہرگز نہ بھولیں مصائب و مشکلات میں گھرے متاثرہ بھائیوں، غربا و مساکین اور مستحقین کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کی آمد کے مو قع پر پوری قوم سے اپیل کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عید اصل میں ہے ہی دوسروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا نام یا دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہونے کا نام ہے۔ اسلام دین فطرت ہے۔ اس کا کوئی بھی حکم حکمت و مقصد سے خالی نہیںہے۔ اللہ تعالیٰ نے صاحب نصاب مسلمانوں پر زکواۃ اور صدقہ فطر واجب کرکے یہ آفاقی پیغام دیا ہے کہ غریبوں اور مصیبت زدہ انسانوں کو عام حالات میں اور بالخصوص عید کی خوشیوں میں اپنی زکوٰ ۃ و صدقات اور خیرات کے ذریعے شامل کیا جائے۔ عام طور پر مسلمان اسی مبارک مہینے میں زکوٰۃ ادا کرتے ہیں۔یہی وہ حکم ہے جس کے ذریعے امیر لوگ اپنی آمدنی سے شریعت کے اصولوں اور احکام کے مطابق ایک خاص رقم الگ کرکے غریب مسلمان بھائیوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ اس سے بہت سارے غریب گھرانوں اور حاجت مندوں میں کھانے پینے کی چیزیں اور پہننے کے لیے کپڑے خرید لیے جاتے ہیں اور یوں سب عید کی خوشیوں میں شامل ہو جاتے ہیں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے پوری قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اہل خیر اور مخیر حضرات مسکینوں، بیواؤں اور غریبوں کا خاص خیال رکھیں۔ خلق خدا کی خدمت اور عوام کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی آپﷺ کی سنت ہے۔