بابر اعظم اور فخر زمان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد

419

دبئی (جسارت نیوز) ؔانٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بابر اعظم اور فخر زمان کو اپریل کے بہترین کھلاڑیوں کی نامزد فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مینز پلیئرآف دی منتھ کیلیے پاکستان کے کپتان بابر اعظم، اوپنر فخر زمان اور نیپال کے کوشل بھورٹیل کو نامزد کیا ہے۔ بابر اعظم نے اپریل میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تیسرے ون ڈے میں انہوں نے 94 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی اور ساتھ ہی بھارت کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مایہ ناز بلے باز نے پروٹیز کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں 59 گیندوں پر 122 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔ جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سنچریاں اسکور کیں جس میں 193 رنز کی دلکش اننگز شامل تھی۔ واضح رہے کہ شائقین کے ساتھ کرکٹ ایکسپرٹ کا پینل ووٹنگ کے ذریعے پلیئرآف دی منتھ کا انتخاب کرے گا۔