ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ، حسن علی ٹاپ 20میں شامل، بابر کی تنزلی

205

دبئی(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل )آئی سی سی( نے ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق کین ولیمسن بیٹنگ اور پیٹ کمنز بولنگ میں سرفہرست ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے چار درجے ترقی پر کر 11 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم تنزلی کے بعد 9ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں کیونکہ وہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں صفر پر آئوٹ ہو گئے تھے۔ پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم 31درجے ترقی پاکر 47ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔ بنگلا دیشی بلے بازوں تمیم اقبال، مشفق الرحیم اور مومن الحق کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ دوسرے، آسٹریلیا ہی کے مارنس لابوشین تیسرے، انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے اور بھارت کے کپتان ویرات کوہلی پانچویں نمبر پر ہیں۔ بولنگ کی تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کی 15 درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 20ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ یہ ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔اسی طرح سری لنکن نوجوان اسپنر پراوین جائے وکرما جنہوں نے بنگلا دیش کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں 11 وکٹیں حاصل کیں وہ 48ویں نمبر پر آگئے ہیں۔