چیئرمین نیب کے پیش نہ ہونے پر اکائونٹس کمیٹی برہم ،سمن کے ذریعے طلبی کا فیصلہ

392

اسلام آباد ( آن لائن)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال ایک بار پھر بدھ کو پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی میں پیش نہ ہوئے جس پر کمیٹی نے اپنے اختیارات کے تحت انہیں سمن کے ذریعے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں وزارت خزانہ اور وزارت صنعت و پیداوار میں ہونے والی مالی بے قاعدگیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب پارلیمانی کمیٹی کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں جو قطعی قابل قبول نہیں ،انہیں ہر حال میں کمیٹی میں پیش ہونا پڑے گا ۔ پی اے سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشنز میں کرپشن کے سنگین کیسز پر بھی اظہار برہمی کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لوگوں کو قطار میں لگا کر چینی دینے کا سلسلہ ختم کیا جائے یہ ان کی تذلیل ہے ،کمیٹی نے چینی کے ساتھ دیگر اشیا خریدنے کی شرط بھی ختم کرنے کی ہدایت کی ۔