ایکسپو سینٹر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے،ذکراللہ مجاہد

104

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایکسپو سینٹر میں عوام کیلئے کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ایکسپو سینٹر میں کورونا ویکسینیشن کا عمل سست روی کا شکار ہے مزید بہتر انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔کورونا ایکسپو سینٹر انتظامیہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کو آگے بڑھائے تاکہ بڑی تعداد میں لوگوں کی ویکسینیشن ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کے دورہ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کورونا ویکسین بھی لگوائی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ شہریوں سے عملہ کے رویہ اور ویکسینیشن کے تاثرات مثبت اور خوش آئندہ ہیں۔ ڈیڑھ کروڑ آبادی والے شہر میں کورونا ویکسی نیشن کی تعداد انتہائی کم ہے عملہ سمیت سینٹرز کو مزید بڑھا یاجائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں سیاست اور مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی خدمت خلق کا سب سے بڑا نیٹ ورک رکھتی ہے۔کورونا وبا کی پہلی لہر سے تیسری جاری لہر تک جماعت اسلامی نے اہل لاہور کی خدمت کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔ شہر میں سب پہلے کورونا آگاہی کیمپس، کورونا کیئر یونیٹس کا قیام، لوگوں میں ریلیف اور آگاہی کمپین کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے جو سب کے سامنے ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد اس موقع پر کہا کہ علماء سے اپیل کرتا ہوں کہ ممبر اور محراب کو کرونا کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کے لیے استعمال کریں۔