پی سی بی کا احسن اقدام ، بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ و چھٹی ملے گی

333

لاہور (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بچوں کی پیدائش پر کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی جاری کردی ۔ پیشہ ور کھلاڑیوں کے لیے جاری کردہ اس پالیسی کا اطلاق تمام کرکٹرز پر ہوگا، جو بچے کی پیدائش کے وقت اس پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔خواتین کرکٹرز بچے کی پیدائش کے سلسلے میں خصوصی رعایت کے تحت وہ اپنے لیے نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔اس موقع پر خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ 12 ماہ کی چھٹی اور کنٹریکٹ کی معیاد میں ایک سالہ توسیع کی حقدار بھی ہوں گی ۔ پیدائش کے بعد ویمن کرکٹر کو دوبارہ کرکٹ کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے گا۔ پوسٹ چائلڈ ری ہیب پروگرام کے سلسلے میں بھی انہیں مناسب طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔اسی طرح، اگر کسی خاتون کرکٹر کو کرکٹ کی کسی سرگرمی کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو اسے اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے من پسند فرد کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام اخراجات پی سی بی اور مذکورہ خاتون کرکٹر برابر تقسیم کریں گے۔وہ مرد کرکٹر جو بچے کے والد ہیں وہ بھی مکمل تنخواہ کے ساتھ 30 دن تک چھٹی لینے کے حقدار ہوں گے تاہم انہیں یہ چھٹی اپنے بچے کی پیدائش کے 56 روز کے اندر حاصل کرنا ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہر موقع پر اپنے کرکٹرز کا خیال رکھنا پی سی بی کا فرض ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ہمارے پاس اپنے کھلاڑیوں کے لیے والدین سے متعلق ایک دوستانہ پالیسی موجود ہو تاکہ ہمارے کھلاڑیوں کو زندگی کے اہم مرحلے میں مکمل معاونت حاصل ہو اور اس دوران وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بے فکر رہیں۔