الیکشن کمیشن کا این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم

192

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا،دوبارہ گنتی کے لیے 6 تاریخ کو صبح 9 بجے تمام فریقین کو آر او آفس پہنچنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ ریجنل الیکشن کمشنر حیدر آباد ریٹرننگ آفیسر کے ہمراہ ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار قادر مندوخیل نے کہاکہ ن لیگ نے اعتماد کھو دیا ہے، تمام رزلٹ موجود ، دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کے امید مفتاح اسماعیل کی درخواست پر تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجا اور پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے۔پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایاکہ پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن نے کسی فورم پر کوئی شکایت نہیں کی، بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرنی ہو گی، 5 فیصد سے کم فرق پر دوبارہ گنتی ممکن ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی درخواست پر فیصلے کے بعد این اے 249 کے منظور شدہ ووٹ کی دوبارہ گنتی جمعرات کو جی سی ٹی کالج سائٹ میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گنتی کا عمل صبح 9 بجے شروع کیا جائے گا، 276 پولنگ اسٹیشنز پر کاسٹ کیے گئے تمام منظور شدہ ووٹ دوبارہ گنے جائیں گے، دوبارہ گنتی کے عمل کی نگرانی ریٹرننگ افسر سجاد خٹک اور ریجنل لیکشن کمشنر حیدرآباد کرینگے۔ یاد رہے کہ این اے 249 میں کاسٹ کیے گئے مجموعی ووٹوں کی تعداد 72471 تھی جن میں سے 731 ووٹ کو مسترد قرار دیا گیا تھا۔ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کو پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کے مقابلے میں 683 ووٹ سے شکست ہوئی تھی۔