عسکری سازوسامان کی تیاری میں دوسروں پر انحصار ختم کریں گے‘ صدر اِردوان

90

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم جلد ہی بموں ، اسلحہ ، میزائلوں اور دیگر جنگی سازو سامان کے حوالے سے دیگر ممالک پر انحصارختم کر لیں گے۔ صدر اردوان نے ادارہ برائے کیمیائی صنعت و مشینری کی جانب سے راکٹ ساز کارخانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عسکری سازو سامان کے کارخانے کی بدولت ترکی نئی نسل کے لیے حربی آلات میں اضافے کی تیاری کررہا ہے۔ جلد ہی ہم بیرونی ممالک سے درآمد شدہ ماڈیولز کے بارودی نظام کو ملکی سطح پر تیار کر سکیں گے۔ اس کارخانے کے قیام سے نجی شعبوں کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں ترک فوج کی تمام ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور دوست ممالک بھی اس سے مستفید ہو سکیں گے۔