اقوام متحدہ کا لیبیا سے جنگجوؤں کی فوری واپسی کا مطالبہ

181

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ اور لیبیا کی مشترکہ عسکری کمیٹی نے ملک میں موجود غیرملکی جنگجوؤں کی فوری واپسی کا مطالبہ کردیا۔ لیبیا میں اقوام متحدہ کے مندوب یان کوبیچ نے سیاسی کشیدگی ختم کرنے کے لیے قائم مشترکہ فوجی کمیٹی کے ارکان سے بات چیت میں مشرقی اور مغربی لیبیا کو ملانے والی ساحلی سڑک کھولنے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ کے امن مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کوبیچ اور مشترکہ کمیٹی کے ارکان نے تصدیق کی ہے کہ فوجیوں اور غیر ملکی جنگجوؤں کی واپسی کو مزید تاخیر کے بغیر شروع ہونا چاہیے۔ عالمی مندوب نے مشترکہ فوجی کمیٹی کے ساتھ اسلحہ سے پاک لیبیا، آباد کاری، تنظیم نو اور سیکورٹی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے قومی منصوبہ تیار کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ لیبیا میں قائم 10رکنی کمیٹی میں متحارب فریقین کے ارکان کی تعداد مساوی ہے۔ فریقین کے درمیان آج سے ایک اجلاس شروع ہوگا،جو جمعرات کے روز تک جاری رہے گا۔ اجلاس میں مشرقی اور مغربی لیبیا کو ملانے والی شاہراہ کھولنے، غیرملکی عسکریت پسندوں کی واپسی اور زیرالتوا دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب اعلیٰ حکومتی کونسل کے صدر خالد الا مشری کا کہنا ہے کہ ملکی منشور کی منظوری کے لیے ریفرنڈم ناگزیر ہے۔ کونسل کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خالد الا مشری نے طرابلس میں اٹلی کے سفیر گیوسپے بوکینو سے ملاقات کی۔ مشری نے اس ملاقات میں آئین کے لیے عوامی رائے دہی کو لازمی قرار دیا۔