ترکی روس سے دفاعی نظام کا معاہدہ منسوخ کرے ، امریکا

220

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے کہ روسی ایس 400 میزائل سسٹم کی ترکی کی خریداری امریکی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔بلنکن نے کہا کہ ہم ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ روسی میزائل معاہدے کومنسوخ کرے۔ امریکی وزیر خارجہ نے ترکی اور تمام اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ روسی دفاعی نظام خریدنے سے گریز کریں۔وزارت خارجہ کے پریس سینٹر میں ورچوئل تقریب سے خطاب میں بلنکن نے کہا کہ اب سے یہ بہت اہم ہے کہ ترکی اور امریکا کے تمام اتحادی روسی ہتھیاروں خاص طور پر ایس 400 سسٹم کی خریداری سے گریز کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی دفاعی اداروں کے ساتھ معاہدے امریکی پابندیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ پابندیاں پہلے سے عائد پابندیوںکے علاوہ ہوں گی۔ان کا اشارہ اس قانون کی طرف تھا جو ریاستوں کو نیٹو کے حریف سے فوجی سازو سامان کی خریداری سے روکنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔بلنکن نے مزید کہا کہ صدر جو بائیڈن کے وسیع پیمانے پر معروف خیالات کی روشنی میں ہفتے کے روز 1915ء میں عثمانی دور کے واقعات کو نسل کشی قرار دینے کا فیصلہ حیران کن نہیں۔ گزشتہ ہفتے ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا تھا کہ ان کا ملک روسی ایس 400 میزائل سسٹم کے نئے بیچ کی خریداری پر بات چیت کر رہا ہے۔اولو نے بتایا کہ ترک حکومت ماسکو کے ساتھ روسی فضائی دفاعی نظام کے دوسرے کھیپ کی خریداری پر بات چیت کر رہی ہے۔انہوں نے امریکی موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انقرہ کو اس میزائل سسٹم کی ضرورت ہے۔