بھارت اور روس وزرائے خارجہ ودفاع مذاکرات پر متفق

162

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور روس نے وزرائے خارجہ اور دفاع کے درمیان مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق کرلیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹو پلس ٹو مذاکرات کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اعلان دونوں رہنماؤں کی ٹیلیفون پر بات چیت کے کچھ دیر بعد سامنے آیا۔ واضح رہے کہ بھارت کے روایتی طور پر روس کے ساتھ قریبی فوجی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے ڈھانچے کے تحت ان تعلقات کو تقویت دینا اور ملکی سلامتی کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب روسی صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران پیوٹن نے بھارت کو 75 مصنوعی تنفس کی مشینیں اور دیگر ہنگامی طبی امداد دینے کا وعدہ کیاہے، تاکہ اسے کورونا وائرس کے باعث سنگین ترین صورت حال میں استعمال کیا جاسکے۔ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں کہا گیا کہ بھارتی کمپنیاں روس کی وضع کردہ ویکسین کی 85 کروڑ خوراکیں تیار کریں گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس بھارت پر اپنے اثر و رسوخ میں اضافے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ امریکا کو اس کی حد میں رکھا جا سکے۔ امریکاکواڈ نامی گروپ کے ذریعے جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے پر کام کر رہا ہے۔