ضمنی الیکشن ملتوی نہ کیا جائے، مصطفی کمال کی درخواست دائر

97

کراچی (آن لائن) این اے 249 سے پی ایس پی کے امیدوار اور چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے چیف الیکشن کمشنر سے ضمنی انتخاب ملتوی نہ کرنے کی درخواست کردی۔ مصطفی کمال نے خط کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت سندھ اور ایم کیو ایم کی جانب سے ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواستیں زمینی حقائق کے برعکس
ہیں۔ انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ حکومت سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق این اے 249 میں مورخہ 20 اپریل کو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد فقط 2 تھی، الیکشن کمیشن پاکستان کے ٹیکس ادا کرنے والوں کے خون پسینے کی کمائی این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں لگا چکی ہے، ضمنی انتخاب میں کسی بھی قسم کی تاخیر قومی خزانے پر بوجھ بنے گی۔ مصطفی کمال نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ناصرف کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ضمنی انتخاب مقرر کردہ 29 اپریل 2021 پر ہی کرائے جائیں بلکہ الیکشن کمیشن سندھ کی صوبائی حکومت اور ایم کیو ایم کی درخواست فوری طور پر خارج کرکہ مقررہ تاریخ 29 اپریل کو ہی ضمنی انتخابات یقینی بنائے۔