دو ہفتوں سے چکرا گوٹھ تا قیوم آباد کے علاقے پانی سے محروم

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایکسئین کورنگی کاشف نیازی نے رمضان المبارک میں مکینوں کو بوند بوند پانی کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور کردیا ، چکرا گوٹھ ، کرسچن ٹاؤن ، اللہ والا ٹاؤن، کورنگی کراسنگ، بھٹائی کالونی اور قیوم آباد کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادیوں کو پانی دینے کے بجائے دھمکیاں دینے لگا ، پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما شمشاد خان نے دھمکیاں دینے پر حکام بالا سے کاشف نیازی کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے چکرا گوٹھ سے قیوم آباد تک واقع علاقوں کو فراہمی آب شدید متاثر ہے جس کی وجہ سے رمضان المبارک میں شہریوں کو بڑی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مساجد میں بھی پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ عوام کی پریشانی دیکھ کر پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری شمشاد خان جب پانی کی عدم فراہمی پانی کے والو کی جانچ پڑتال کرنے منگل کی صبح 8 بجے چکرا گوٹھ پہنچے تو معلوم ہوا کہ کچی آبادیوں کے اوقات کار میں ڈی ایچ اے کو پانی فراہم کیا جا رہا تھا جبکہ ڈی ایچ اے کو فراہمی آب کا وقت 11سے 5 بجے تک ہے۔ اس موقع پر کراسنگ بھٹائی کالونی سمیت دیگر علاقوں کے متاثرین بھی موجود تھے۔ شمشاد خان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ایکسئین کورنگی کاشف نیازی سے رابطہ کیا تو ایکسئین نے جواب دیا کہ پانی پر مکمل اختیار میرا ہے کہ کسی علاقے کو فراہم کروں یا نہ کروں۔