وزیر اعظم کو یورپ سے تعلقات قوم سے زیادہ عزیز ہیں‘ جاوید قصوری

312

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا خطاب انتہائی مایوس کن تھا۔ یوں محسوس ہوتا تھا کہ جیسے عمران خان پاکستان کے نہیں بلکہ فرانس کے وزیر اعظم ہیں۔ انہیں ملک و قوم کے مفادات اور جذبات کے بجائے پوری یورپی یونین سے تعلقات عزیز ہیں۔ بحیثیت مسلمان جہاں پر بھی توہین رسالت کی بات آئے گی، ہم اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کے لیے دریغ نہیں کریںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کو بزدلی کا سبق پڑھا رہے ہیں پاکستان اسلام کے نام پر وجودمیں آیا اور لاکھوں افراد نے قربانیاں دے کر اس کو پایاتھا۔ کلمہ طیبہ اوراسلام کے نام پر دنیا کی تاریخ میں اتنی بڑی ہجرت کہیں نظر نہیں آتی۔ المیہ یہ ہے کہ آج مغرب سے مرعوب افراد اس کی مسندوں پر بیٹھے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کے اندر افراتفری اورانتشار کو ہوا د ی جارہی ہے۔ ختم نبوت ہمارا ایمان کا بنیادی جزہے حکمرانوںکو جتنی جلدی یہ بات سمجھ میں آجا ئے ، اتنا ہی اچھا ہے۔ پرتشدد واقعات ہر پا کستانی کے لیے باعث تشویش اورحکمرانوں کے لیے باعث شرم ہیں۔