ہرارے : پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھر پور پریکٹس پہلا ٹی ٹوئنٹی کل ہوگا

334
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل ہرارے اسپورٹس کلب میں بھرپور پریکٹس کر رہی ہے

ہرارے(جسارت نیوز)پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل بدھ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کے کامیاب دورے کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں زمبابوے پہنچ چکی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ قومی ٹیم نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی اور کوچز نے کھلاڑیوں کی ٹیکنکس اور دیگر خامیوں پر قابو پانے کے لیے ٹپس دیں۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل، دوسرا میچ 23 اپریل جبکہ تیسرا اور آخری میچ 25 اپریل کھیلا جائے گا۔ پروٹیز دیس میں ملنے والی فتح سے پلیئرز کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔وہ گذشتہ سیریز میں ناکام رہنے والے پلیئرز پر مزید محنت کرتے ہوئے ان کا اعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے، کپتان بابر اعظم پہلے ہی واضح کرچکے کہ بھارت میں شیڈول ٹی 20ورلڈ کپ کے تناظر میں مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش کا سلسلہ جاری رہے گا، اسی لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب زمبابوے نے بھی اپنے ٹی 20اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیم کی قیادت سین ولیمز کے ہاتھوں میں ہوگی دیگر اسکواڈ میں ٹاڈیواناشے مارومانی، ریان برل، ویلنگٹن مساکیڈزا ، ریجس ،ٹاپلووا، تاناکا چیوانگا، بلیسنگ موزربانی، کریگ ایروائن، رچرڈ ناگراوا، لیوک جونگوے، برینڈن ٹیلر، تناشے کامونہوکاموے، ڈونلڈ ٹریپانو اور ویسلے مدھیویر شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29 اپریل سے 3 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 7 سے 11 مئی کھیلا جائے گا۔ دورے میں شامل تمام میچز ہرارے ا سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ میزبان ٹیم سین ولیمز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دریں اثنا قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے وقار یونس نے اہلیہ کی سرجری کے باعث آسٹریلیا روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے مطابق وقار یونس پیر کو زمبابوے سے روانہ ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ کی سرجری رمضان کے بعد ہوگی۔پی سی بی نے بتایا کہ آسٹریلیا داخلے کے لیے 14روزہ قرنطینہ لازمی ہے، اسی لیے وقار یونس جلد روانہ ہورہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ وقار یونس اب دورہ زمبابوے کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ وقار یونس آسٹریلیا سے واپسی پر دوبارہ قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔