شاہد آفریدی کا شعیب ملک کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ

371

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت کا مطالبہ کردیا۔ شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’جیت پر ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، جیت کے باوجود مڈل آرڈر کو ریویو کرنا ہوگا۔ سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم مڈل آرڈر میں کافی عرصہ سے مشکلات کا شکار ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شعیب ملک کو ایک بار پھر ٹیم میں شامل کرنے پرغور کیا جائے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 وکٹ سے شکست دے کر سیریز 1.-3 سے اپنے نام کرلی۔ جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی بولرز کی جاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف بمشکل ایک گیند قبل 7 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا، محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر دوسری ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے اور بابراعظم کے ساتھ ملکر 91 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔فخرزمان 34 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جب کہ بابراعظم 24 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔