جماعت اسلامی کے بزرگ رکن امداد علی قادری انتقال کرگئے

425

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رکن، تعلیمی ماہر اور کالم نگار امداد علی قادری انتقال کرگئے۔وہ کچھ عرصے سے علیل تھے مرحوم کی نمازجنازہ آبائی شہر قنبرعلی خان میں جماعت اسلامی کے رہنما و سندھ ہائی کورٹ بار لاڑکانہ کے صدر محمد عاشق دھامرا کی امامت میں ادا کی گئی۔ جس میں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو، صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، صدارتی ایواڈر یافتہ سیرت نگار سید گل محمد شاہ گل بخاری، خیرمحمد تنیو ، مقامی معززین سیاسی و سماجی رہنما اور قریبی رشتہ دار بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔ مولانا جان محمد عباسی کے تربیت یافتہ 91 سالا امداد قادری مرحوم مقام سے لے کر لاڑکانہ ڈویژن تک کی ذمے داریوں پر فائز رہے۔ وہ سراپا تحریک تھے۔ قادری اکیڈمی کے نام سے نسل نو کی تربیت کرتے رہے،’’ باتیں آپ کی اور قلم میرا‘‘ کے عنوان سے مستقل کالم لکھتے رہے ہیں۔ چند ماہ پہلے ان کی اہلیہ کا بھی انتقال ہوگیا تھا۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی قیم صوبہ کاشف سعید شیخ ، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے اورڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وزیرعلی جمالی نے امداد علی قادری کی وفات پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔