ٓآزاد کشمیر: کورونا میں شدت کے بعد ٹرانسپورٹ بند کرنے پر غور

103

مظفرآباد (نمائندہ جسارت) آزاد کشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو حکم جاری کیا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کا نظام جاری رکھا جائے، تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ کورونا وبا میں شدت آنے پر ٹرانسپورٹ بند کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بھی دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر اور دیہی علاقوں میں چلنے والی ٹرانسپورٹ میں ایس اوپیز کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کورونا کے پھیلائو پر باآسانی قابو پایا جا سکے۔ ڈرائیوروں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی استعمال میں گاڑی کے اندر سینی ٹائزر اور ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھیں۔ لاک ڈائون سے بھوک و افلاس کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں تاہم انسانی جانوں کے ضیائع پر خاموش تماشائی نہیں بناجا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمیت دیگرشعبہ جات کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔