حق دو کراچی ریلی میں عوام بھرپور شرکت کریں ، حسین محنتی

180

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی عدم توجہی اور پوائنٹ اسکورنگ کی سیاست نے عملی طور پر کراچی کو کچرا کنڈی میں بدل دیا ہے، حکومت محرومیوں کے خاتمے اور روشنیوں کی بحالی کے لیے کراچی سمیت سندھ میں بلاتاخیر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرائے اورنوجوانوں کو روزگار، ٹرانسپورٹ، بجلی
اور گیس بحران کا خاتمہ کرے۔عوام 28مارچ کو جماعت اسلامی کراچی کے تحت ہونے والی حق دو کراچی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے ایک بیان میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت ’’حق دو کراچی کو‘‘مہم کو عوام کے دلوں کی آواز قراردیتے ہوئے کہاکہ کراچی سمیت سندھ اور ملک بھر میں جماعت اسلامی کے کارکن اپنے اپنے علاقوں شہروں کے حقوق کی مہم چلارہے ہیں، اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود بھی الخدمت اور دیگر ذرائع سے صحت، تعلیم اور روزگار کے حوالے سے جماعت اسلامی سندھ کے عوام کی خدمت کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی دارالخلافہ اور ملک کا سب سے بڑا شہر ہونے کے باوجود کراچی کے عوام بہتر ٹرانسپورٹ اورروزگار سے محروم ہیں اوپرسے کے الیکٹرک کے مظالم کا بھی شکار ہیں۔ صنعتی حب کی حیثیت رکھنے والے شہر کراچی کے عوام پینے کا پانی بھی پیسوں سے خریدنے پر مجبور ہیں، اس کی وجہ اہل ودیانتدار قیادت کا فقدان ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اور منتخب نمائندے اپنی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے کراچی کے صحت، تعلیم، روزگار، ٹرانسپورٹ اور صاف پانی جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔