کراچی ایکسپو سینٹر میں مویشیوں کا سب سے بڑا ڈیلفا کیٹل شو

889

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی ایکسپو سینٹر میں مویشیوں کا سب سے بڑا ڈیلفا کیٹل شو 2021 کا انعقاد21 تا 23 مارچ 2021 کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا،پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کیٹل شو جس میں کیٹل کے تمام بڑے نامور برانڈ شرکت کررہے ہیں۔

یہ نمائش بدر ایکسپو سلوشنز اور( ڈی سی ایف اے)ڈیری اینڈ کیٹل اینڈ فارمر ایسوسی ایشن پاکستان (ڈیلفا) کی مشترکہ نمائش ہوگی۔نمائش میں اونٹ ریس، مویشی شو، پیٹ شو، پھول شو، جدید ٹیکنالوجی، سیمینار اور ورکشاپس، تین روزہ نمائش کا حصہ ہونگی۔

ڈیلفا کیٹل شو 2021 میں مویشی، ڈیری، زراعت، غلہ بانی، ماہی گیری اور جدید ٹیکنالوجی کی نمائش (DALFA 2021) زرعی شعبوں کو معاون اور سازگار ماحول فراہم کرے گی،جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔نمائش میں حکومتی اور تجارتی وفود کے نمائندے اور نمائش کنندگان، ریگولیٹری اتھارٹیز اور پالیسی ساز، مشیر، اور دیگر دورہ کریں گے۔ ان کے علاوہ تجارتی تنظیمیں و ادارے، ریسرچ انسٹیٹیوٹ، کنسلٹنسی، انشورنس اور پروجیکٹ اداروں، کریڈٹ کوآپریٹیوز، انجمنوں، مارکیٹنگ، درآمد کنندگان، برآمد کنندگان، کنسلٹنٹ، ڈیلر، ڈسٹری بیوٹرز،مشینری پارٹس مینوفیکچررز، آئی ٹی،سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، کولڈ اسٹوریج آلات و سامان تیار کرنے والے بھی اپنی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کو اجاگر کریں گے۔

اس کے علاوہ اسٹینڈ بائی جنریٹر اور چلر، جانوروں کی پیداوار کی مشینری، جانوروں کی افزائش، صحت، رہائش اور فارم کا سامان، زرعی اور پروسیسنگ ٹیکنالوجیز، پانی اور آبپاشی کے نظام، کرینیں، ٹریکٹرز مینوفیکچررز، سبزیوں ، پھلوں ، دوا ساز کمپنیاں، ذبح کرنے کا سامان اور واٹر اینڈ ایری گیشن سسٹم بنانے والے جیسے شعبوں کی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

نمائش ڈیری، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کا باعث بنے گی۔سیمنا رز، کانفرنسوں اور ورکشاپس کا مقصد خاص طور پر عام لوگوں کو آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ڈیلفا 2021 کامقصد ان شعبوں اور اس سے وابستہ صنعتوں میں کام کرنے والے تمام کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے ڈیلفا کیٹل شو 2021 کے چیف آرگنائزر ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن پاکستان (ڈی سی ایف اے) اور کنوینر ڈیلفا ایکسپوکا کہنا ہے کہ اس طرح کی نمائش صنعتوں کی جدت اور ترقی کی سمت کا تعین کرتی ہے۔

ان شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاروں کو آپس میں ملنے، مصنوعات اور خدمات کے پورٹ فولیو کو فروغ دینے اور ترقی کا ماحول فراہم کرکے معاشی سرگرمی پیدا کرنے کے بڑے امکانات مہیا کرتی ہے۔

نمائش کے زریعے ترقی کے مواقع نہ صرف مقامی افراد بلکہ پوری دنیا میں ممکنہ سرمایہ کاروں کے لئے اجاگر کرنا ہے نمائش میں دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ متعدد سرکاری تنظیموں اور معاون اداروں، کارپوریٹ، نجی صنعتوں، ونیورسٹیوں اور سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والوں کو کاروباری مواقع فراہم کرے گی۔