جعلی اور غیر قانونی سرمایہ کاری اسکیموں سے ہوشیار رہیں: ایس ای سی پی

141

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عوام الناس کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ سرمایہ کاری کی جعلی اور غیر قانونی ا سکیموں میں اپنا قیمتی سرمایہ لگانے سے بچیں۔ سرمایہ کاری پرانتہائی پر کشش اور غیر حقیقی منافع کا لالچ دینے والی یہ اسکیمیں آپ کی محنت کی کمائی اور قیمتی سرمایہ کو ضائع کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ صرف اور صرف بنک ہی عوام سے براہ راست کیشں ڈیپازٹ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری صرف اور صرف قومی بچت کی اسکیموں یا ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز میں کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی کمپنی یا ادارے کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے رقوم اکٹھی کرنا کمپنیز ایکٹ کی دفعہ 84 کے تحت ایک غیر قانونی سرگرمی ہے۔ ایس ای سی پی کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ’’آل پاکستان پراجیکٹس ‘نامی کمپنی اپنی ویب سائٹ (https://allpakistanprojects.com/) کے ذریعے غیر قانونی طور پر عوام سے سرمایہ کاری کے نام پر رقوم اکھٹی کر رہی ہے۔ ایس ای سی پی کو مذکورہ کمپنی کے بارے میں متعدد شکایات موصول ہوئیں ہیں جن پر کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ’’آل پاکستان پراجیکٹس‘‘ نام سے کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔