صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،محمد ریاض الدین

191

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری صنعت وتجارت سندھ محمد ریاض الدین نے سائٹ انڈسٹریل ایریا کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور باہمی مشاورت سے کراچی کے سب سے بڑے اور قدیم صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے میںاپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے تاکہ صنعتی پیداواری سرگرمیوں کو بلارکاوٹ جاری رکھا جاسکے۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالہادی کی دعوت پر صنعتی ایریا کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ وہ صنعتکاروں کو مشکلات سے نکلنے میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے اور حکام بالا تک ان کی تجاویز کو پہنچائیں گے تاکہ صنعتوں کو فروغ حاصل ہو اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکیں۔ اجلاس میںجاوید بلوانی،سائٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ریاض الدین، نائب صدر عبدالقادر بلوانی،مجید عزیز، سلیمان چاؤلہ، عارف لاکھانی ودیگر بھی موجود تھے۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی نے سیکرٹری صنعت وتجارت کو مختلف صنعتی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سائٹ ایریا میں کمبائنڈ انفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جانا تھا جس کے لیے زمین موجود ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک تہائی اور سندھ حکومت نے دو تہائی فنڈز فراہم کرناتھے۔ وفاقی حکومت فنڈز کی پہلی قسط جاری کرچکی ہے مگر اس کے باوجود14ماہ گزر گئے لیکن اب تک پی سی ون پر کوئی کام نہیں ہوا۔انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ سائٹ صنعتی ایریا میںوعدے کے مطابق فوری طور پر کمبائنڈ انفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔