ایڈمنسٹریٹر کراچی سے انسداد تجاوزات کی نئی مہم ملتوی کرنے کی درخواست

276
ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کوچیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے انسداد تجاوزات مہم کے دوران بے دخل کیے جانے والے چھوٹے تاجروں کو درپیش مشکلات کا جواب دیتے ہوئے کے ایم سی اور کے سی سی آئی کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے تا کہ تجاوزات سے متعلق معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرتے ہوئے متاثرہ تاجروں کو مناسب کاروباری جگہ منتقل کرنے کے حوالے سے تاخیر اور ایسے ہی دیگر مسائل کو جلد از جلد حل کیا جاسکے تاکہ متاثرہ تاجروں کی کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جلد ازجلد بحال ہوسکیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی ) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی انجم نثار، جنرل سکرٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ، سینئر نائب صدر ثاقب گڈلک، نائب صدر شمس الاسلام خان، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن، صدر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری عبدالہادی، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین اور چھوٹے تاجروں و دکانداروں کی ایک بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی نے کے سی سی آئی کی مجوزہ کمیٹی کے لیے نامزدگی طلب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کے ایم سی پوری کوشش کر رہی ہے کہ جلد سے جلد متاثرہ دکانداروں کو دکانیں ان کے حوالے کی جاسکیں۔