بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا مطالبہ

250

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اورسابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ بجلی،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ملکی معاشی کمزوری کا سبب بنے گا اور ملکی صنعتیں بھی پیداواری عمل جاری نہیں رکھ پائیں گی،ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت کو ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے برآمدی صنعتوں پر کسی بھی طرح کا دبائو ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات بزنس کمیونٹی کی جانب سے اپنے اورچیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے اعزاز میں دیئے گئے تقریب عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں سینیٹر عبدالحسیب خان،سردار یاسین ملک،لاہور سے خصوصی طور پر آئے ہوئے معروف صنعتکارایس ایم نصیر،گلزارفیروز، خالد تواب، طارق حلیم،زاہد سعید،فرحان الرحمان، نور احمد خان، عمرریحان،عبدالوحید،شیخ منظرعالم، اختیار بیگ اوردیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ چندماہ قبل وفاقی حکومت کی جانب سے پانچ زیرو ریٹیڈ برآمدی صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا اعلان کیا گیا تھا جس سے ملکی معیشت اور برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ، 5 زیرو ریٹڈ برآمدی صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے اعلان سے ملکی برآمدات سے منسلک صنعتوں کو ریلیف حاصل ہونے کے ساتھ پیداواری لاگت میں کمی ، برآمدات و غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ، بے روزگاری میں کمی اور حکومتی محاصل میں اضافہ ہونے کی توقعات ہیں لیکن نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے11ماہ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کا اعلان کرکے بجلی کے صارفین پرظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں،حکومت ایسے اقدامات سے گریز کرے جس سے عوام اور تجارت وصنعت کے لیے ہیجانی کیفیت پیدا ہو اور اس کے منفی اثرات موجودہ حکومت بالخصوص وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت پر پڑیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب کووڈ19کی وجہ سے انڈسٹری شدید مشکلات کا شکار ہے اوربہت سی چھوٹی صنعتیں ابھی تک سنبھل نہیں پائی ہیں جبکہ برطانیہ سے آنے والی کورونا وائرس کی نئی لہر نے پوری قوم کو خوف میں مبتلا کردیا ہے،کورونا وائرس سے سب سے زیادہ نقصان تجارت وصنعت نے اٹھایا ہے اور اب ایک بار پھر پنجاب میں کاروبار کو بند کردیا گیا ہے لیکن سڑکوں پر چلنے والے لاکھوں افراد کو ایس او پیز پر عملدرآمدکا پابند نہیں بنایا جارہا،کراچی سے پشاورتک لوگوں کو چاہیے کہ وہ ازخود ایس او پیز کی پابندی کریں اور ماسک پہنیں کیونکہ کوروناوائرس کا شکار افراد بے پناہ تکلیف کا سامنا کرتے ہیں اور میں خود بھی اس تکلیف کو سہہ چکا ہوں۔انہوں نے چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان جیسے بہترین افسران کی ملک کو ضرورت ہے۔انہوں نے سینیٹ کے انتخابات میں منتخب چیئرمین صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین مرزاآفریدی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں وزیراعظم عمران خان کوبھرپورکامیابی مل گئی ہے اور اب اداروں کو کسی بھی تنازعات کے بغیرملکی معاشی استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا،مشکل حالات میں ہمیں ایک ہوکر عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔