ٹیل کے کاشتکاروں کے ساتھ ناانصافیاں بڑھ رہی ہیں، آزاد پنہور

87

پنگریو (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے مرکزی رہنما امیر آزاد پنہور نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹیل کے کاشتکاروں کے ساتھ ناانصافیاں بڑھ رہی ہیں، محکمہ آبپاشی کی نااہلی کے باعث ہر سال لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی بنجر اور ویران ہورہی ہے مگر آبپاشی حکام کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے اپنا حق مانگنے والے کاشتکاروں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں۔ وہ پنگریو میں خیرپور گمبو کی آئل پورشاخ کی ٹیل کے کاشتکاروں کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں میڈیا اور کاشتکاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ امیر آزاد پنہور نے مزید کہا کہ خیرپور گمبو سب ڈویژن کا ایس ڈی او مراعات یافتہ زمینداروں کی ملی بھگت سے آئل پورشاخ کی ٹیل کی ساڑھے پانچ سو ایکڑ زرعی زمین کا پانی بندکرکے درجنوں غریب اور چھوٹے کاشتکاروں کو معاشی بدحالی پر مجبور کرنا چاہتا ہے۔ اس لیے ایس ڈی او نے پنگریو پولیس کے ذریعے آئل پورشاخ کی ٹیل کے کاشتکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرانے کے ساتھ ساتھ ان کاشتکاروں پر اپنے مراعات یافتہ زمینداروں کے ذریعے بدترین تشددکانشانہ بنایا ہے۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی آئل پورشاخ کی ٹیل کے کاشتکاروں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور ان کاشتکاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کیخلاف سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ ادھر آئل پورشاخ کے کاشتکاروں نے تیرہویں روز بھی اپنے مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال جاری رکھی، بھوک ہڑتالی کاشتکاروں نے ٹیل کے واٹرکورس ختم کرنے اور سی سی لائننگ کا کام ادھورا چھوڑنے کیخلاف نعرے بازی کی اور وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر آبپاشی، سیکرٹری آبپاشی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ آئل پورشاخ کی ٹیل کے واٹر کورسز ختم کرکے ساڑھے پانچ سو ایکڑ زرعی زمین بنجر بنانے کی سازش کا نوٹس لیا جائے اور ایس ڈی او آبپاشی خیرپور گمبو سب ڈویژن کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔