سرکاری ملازمین کی 25 تنظیموں نے گرینڈ الائنس قائم کرلیا

164

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی ملازمین کی 25 تنظیموں نے گرینڈ الائنس قائم کرلیا جس نے چھے اہم مطالبات پر مشتمل مسودہ حکومت سندھ کو پیش کردیا، گرینڈ الائنس میں نیشنل لیبر فیڈریشن گسٹا، پ ٹ الف، ایپکا، ریونیو ایمپلائز ایسوسی ایشن، سندھ ٹریژری ایسوسی ایشن، لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن، واپڈا پیغام یونین، الشہباز لیبر فیڈریشن، ایریگیشن متحدہ فیڈریشن، مہران ٹیچرز ایسوسی ایشن، گزیٹڈ آفیسر ایسوسی ایشن، لوئر اسٹاف ایسوسی ایشن، پاکستان ورکرز فیڈریشن، فاریسٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن، لائیو اسٹاک، ویٹرنری اسٹاف یونین، ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین ودیگر تنظیمیں اور فیڈریشن شامل ہیں۔ الائنس نے وزیر اعلیٰ سندھ، چیف سیکرٹری سمیت دیگر کو پیش کردہ مطالبات میں کہا کہ سندھ کے تمام ملازمین کی گروپ انشورنس اور بینو ویلنٹ فنڈ کی رقم ریٹائرمنٹ کے وقت ادا کی جائے۔ سندھ کے تمام ملازمین کو بلا تفریق ٹائم اسکیل کے تحت ترقیاں دی جائیں۔ یوٹیلیٹی الاؤنس، ہاؤسنگ اسکیم کے تحت پلاٹ، صحت کارڈ دیے جائیں، سندھ میں تمام ملازمین کے بچوں کے لیے سن کوٹا مقرر کیا جائے۔ مطالبات کے ساتھ الائنس کے رہنماؤں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔