پاک بحریہ کے سربراہ کی قطری عسکری قیادت سے ملاقات

165

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی قطر کے سرکاری دورے کے دوران وہاں کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقات اور قطرکی نیول تنصیبات، بحری جہاز، ٹریننگ اسکول اور الغانم اکیڈمی کا دورہ، ملاقات کے دوران خطے میں میری ٹائم سیکورٹی، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون اور بحری اشتراک کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امیرالبحر نے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) غانم بن شاہین الغانم، قطری امیری نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ حسن الصلیطی، کمانڈر قطر امیری فضائیہ میجر جنرل (پائلٹ) سلیم حماد عقیل النابط اور جو آن بن جاسم جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے کمانڈنٹ میجر جنرل فہد الخیارین سے الگ الگ ملاقات کی۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرول اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلیے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ قطر نیول فورسز کے کمانڈر نے دو طرفہ مضبوط بحری اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین مختلف عسکری مشقوں اور ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کے ذریعے روابط کے فرو غ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ معززین نے مختلف جہتوں میں باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین عسکری اشتراک کے فروغ پر زور دیا۔