شامی کرنسی ڈالر کے مقابل 99 فیصد تک گرگئی

591

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) گزشتہ کئی برس سے مسلسل زوال کا شکار شامی کرنسی لیرا ڈالر کے مقابلے میں 99 فیصد تک گر گئی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ڈالر کی قیمت 4 ہزار لیرہ کے برابر ہو چکی تھی، تاہم منگل کے روز لبنانی لیرا امریکی ڈالر کے مقابلے میں مزید نیچے چلے جانے کے بعد 10 ہزار لیرا ایک ڈالر کے برابر ہوگیا۔ واضح رہے کہ شام گزشتہ 10 سال سے جاری خانہ جنگی کے باعث بدترین معاشی بحران کا سامنا کررہا ہے جب کہ کورونا وائرس نے شامی معیشت کے ساتھ اس کے پڑوسی ملک لبنان کی اقتصادی حالت کو بھی شدید تباہی سے دوچار کردیا ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق ایک کاروباری شخص نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈالر اور شامی لیرا کی مالیت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ شامی لیرا بھی لبنانی کرنسی کی طرح ڈالر کے مقابلے میں تیزی کے ساتھ زوال پذیر ہے۔ اس سے قبل شامی لیرا کی قیمت کی ڈالر کے مقابلے میں کمی کی لہر رواں برس جنوری میں شروع ہوئی تھی۔ مقامی ذرائع کے مطابق بلیک مارکیٹ میں ڈالر کئی گنا زیادہ قیمت پر خریدا اور فروخت کیا جا رہا ہے۔ 2011ء کے بعد شامی لیرا کی قیمت تاریخی گراوٹ کا شکار ہے۔