پی ایس ایل ٹیم مالکان کو گرائونڈ سے دور رکھنے کی تجویز

272

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں مالکان کو گرائونڈ سے دور رکھنے کی تجویز سامنے آ گئی۔پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم اونرز کے اجلاس میںتجویز سامنے آئی کہ بقیہ میچز کے دوران ٹیم مالکان کو گراونڈ سے دور رکھا جائے، 6میں سے 5ٹیمیں متفق ہو گئیں البتہ کراچی کنگز نے جواب کیلیے مزید وقت مانگ لیا، اس وجہ سے فیصلے پر گذشتہ روز اطلاق نہ ہو سکا۔اب تک رائج طریقہ کار کے مطابق میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے 10،10افراد کوباونڈری لائن کے باہر ایک مخصوص جگہ پر بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے، فرنچائزز چاہیں توہر میچ سے قبل نئے کارڈز بھی بنوا سکتی ہیں مگر اتنے ہی کارڈز انھیں واپس بھی کرنا پڑتے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد یونائٹیڈ کے فواد احمد پہلے ہی کورونا کی زد میں آ گئے تھے، اب لوئیس گریگوری بھی وائرس کا شکار ہو چکے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے ٹام بینٹن کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا، حیران کن طور پر کئی کیسز کے باوجود دونوں ٹیموں کو پی سی بی نے منگل کو باہمی مقابلے کیلیے میدان میں اتار دیا،اس سے عمومی کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ دریں اثنا بائیو ببل میں موجود کھلاڑیوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے، ہوٹل میں تین لفٹس ٹیموں کیلیے مختص ہیں، اس کے باوجود کئی کھلاڑی سیڑھیاں استعمال کرتے پائے گئے۔