بکیز کے بارے میں چیئرمین کو بتانے گیاتھا، عمراکمل

288

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کرکٹ کو ترجیح دی ہے اور اب بھی صرف کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ اپنے ردعمل میں 30 سالہ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے قبل بکیزکی آفر سے متعلق 10فروری 2020ء کو خود چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو بتانے گیا تھا لیکن ان سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ میں نے نچلی سطح پر اس لیے نہیں بتایا کہ یہ انفارمیشن کہیں لیک نہ ہوجائے۔میرا کام صرف کرکٹ کھیلنا ہے، موقع دیں گے تو کھیلوں گا۔ عمر اکمل نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا نہ کروں گا۔عمر اکمل کے وکیل خواجہ عمیز نے کہا کہ ایڈ جیوڈیکٹر کی سزا کے بعد ہمارے پاس ثالثی عدالت میں جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، پی سی بی نے پہلے اور ہم نے بعد میں اپیل دائر کی ، عمر اکمل سے ایک الزام ختم ہو چکا اور ایک برقرار ہے لیکن جس شخص سے ملنے کا الزام ہے اس کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ،ایک سال کی اب پابندی ختم ہو چکی ، جرمانہ کیے جانے پر تعجب ہوا، پی سی بی کی سزا میں اضافے کی اپیل خارج ہو چکی ہے، کرکٹ بورڈ چاہتا تھا کہ ہم ایگریڈ سینکشنز مان لیں ، ثالثی عدالت سے جرمانے پر وضاحت مانگی ہے ،مشاورت کے بعد اسے بھی چیلنج کرینگے۔