صدارتی ریفرنس پر فیصلہ محفوظ‘ کل سنایا جائیگا(اسپیکر قومی اسمبلی‘ چیئرمین سینیٹ ودیگر طلب)

232

کراچی/ اسلام آباد/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک/ آن لائن) عدالت عظمیٰ کی جانب سے صدارتی ریفرنس پر کیا گیا فیصلہ محفوظ کل (پیر کو) سنایا جائے گا اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی‘ چیئرمین سینیٹ و دیگرکو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب سیا سی جماعتوں کی طرف سے اپنے سینیٹ امیدواروں کی کامیابی کے لیے جوڑ توڑ اور ایک دوسرے سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے‘ خیبر پختونخوا کی اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں‘ سندھ میں پیپلز پارٹی متحدہ قومی موومنٹ کے درپر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ کی جانب سے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ (کل) پیر کو سنایا جائے گا۔ اس حوالے سے عدالت عظمیٰ نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، اٹارنی جنرل، الیکشن کمیشن، بار کونسل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدارتی ریفرنس کی فکسیشن سے وکلا کو میسیج کے ذریعے آگاہ کیا گیا‘ محفوظ کی گئی رائے اوپن کورٹ میں سنائی جائے گی۔ اِدھرخیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پیپلز پارٹی کے پی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے عباس آفریدی اور میاں عالمگیر شاہ‘ پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر اور محمد علی شاہ باچا‘ جے یو آئی سے مولانا لطف الرحمن اور محمود احمد بیٹنی اور عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک اور حاجی ہدایت اللہ خان شریک ہوئے۔اس موقع پر پانچوں جماعتوں کے رہنمائوں نے متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق کیا۔پی ٹی آئی کے2 رکنی وفد جس میں سینیٹ میں امیدوار سیف اللہ ابڑو کے علاوہ فدا حسین نیازی بھی شامل تھے نے ہفتے کو ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پی ٹی آئی کے امید وار کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا راجا عارف سلطان، مسلم پرویز، سیکرٹری کراچی منعم ظفر خان سے ملاقات کی اور سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کی حمایت کے لیے درخواست کی۔ ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوامی مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں پر زور دیا کہ وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ ایسے اقدامات اور فیصلے کیے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے۔ دریں اثنا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما پیر صدر الدین شاہ راشدی اور سردار رحیم نے بھی ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر مسلم پرویز سے ملاقات کی اور سینیٹ کے انتخابات میں جماعت اسلامی سے ان کے امیدوار کی حمایت کرنے کی درخواست کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال ، کراچی و اندورنِ سندھ کے حالات اور عوام کی حالت ِ زار پر گفتگو کی گئی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو بتایا کہ مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ سینیٹ انتخابات میں کس کی حمایت کی جائے۔ ہفتے کو پیپلز پارٹی کے وفد نے بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کیا اور سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی حمایت کے عوض ایم کیو ایم کی2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرنے کی پیش کش کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرنے کو تیار ہیں لیکن ان کو یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ نشست پر ہماری مدد کرنا ہوگی‘بلاول زرداری کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں‘ متحدہ سے کہا ہے ہماری گزارشات کو رابطہ کمیٹی میں رکھیں ۔ ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مرکز آمد پر پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘ تاخیر سے ہی صحیح لیکن پیپلز پارٹی نے گزارشات رکھی ہیں‘ پیپلز پارٹی سے درخواست کی ہے کہ شہری سندھ سے احساس محرومی کو دور کیا جائے ‘ سینیٹ کا وقت تو گزر جائے گا لیکن مسائل حل کرنا ہوں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی اختلافات تو اور بھی جماعتوں سے ہیں۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی نے اچھا ماڈل دیا، کیا ہی اچھا ہوکہ سندھ میں بھی ایسا ہو جائے‘ ایم کیو ایم کارکنان کی ملکیت ہے۔ دوسری جانب سندھ اسمبلی کی2 پارلیمانی جماعتوں تحریک لبیک پاکستان اور ایم ایم اے کے4 ارکان سے بھی پیپلزپارٹی کی قیادت نے رابطہ کیا ہے اور چاروں ارکان سے سینیٹ کی جنرل اور خواتین نشستوں پر حمایت کی درخواست کی ہے۔