سینیٹ انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ غیرجانبدار نظر آرہی ہے، یوسف رضا گیلانی

238

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نظر آرہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر مجھے امیدوار نامزد کیا ہے، اپنی انتخابی مہم شروع کی ہے جس کا اچھا ردعمل ملا ہے، یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج عمران خان وزرا سمیت اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں، میرا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ ہوا ہے نہ ملاقات ہوئی ہے، وہ میرے رشتے دار ہیں کہنے کی ضرورت نہیں۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے،(ن) لیگ نے مجھے ووٹ دیکر وزیر اعظم بنایا تھا اور اب بھی (ن) لیگ حمایت کررہی ہے، مجھے اس وقت بھی تعلقات کی بنیاد پر بھی ووٹ پڑے اور اب بھی اسی کارکردگی پر ووٹ ملیں گے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کے لیے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں،گیلانی کی بطور پی ڈی ایم امیدوار نامزدگی کے اعلان سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ، معرکہ سرکریں گے۔انہوںنے کہا کہ یوسف گیلانی کے مقابلے میں حکومت کی جانب سے حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں، اس سے پہلے یوسف رضا وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں،ان کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کے لیے اعزاز ہو گا، پی ڈی ایم ان کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، آٹا، چینی، گھی سمیت سب چیزیں اتنی مہنگی ہو چکیں کہ عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی، عوام ڈھائی سال سے شدید کرب کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔فضل الرحمن نے نیوٹرل امپائر کے سوال پر کہا کہ بظاہر تو لگتا ہے تاہم ڈسکہ اور کرم کے شکوک وشبہات ان کی طرف جارہے ہیں ۔