کورونا سے مزید 16اموات، ویکسین سے متعلق گمراہی نہ پھیلائی جائے، معاون خصوصی صحت

179

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 16 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک روز میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی سب سے کم تعداد ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32313 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح اب تک کوویڈ 19 ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 87 لاکھ 18 ہزار 555 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار160 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار 334 ہوگئی ہے۔سندھ میں 2 لاکھ 56 ہزار 220، پنجاب میں ایک لاکھ 67 ہزار819، بلوچستان میں 18 ہزار 988، خیبر پختونخوا میں 71 ہزار43، اسلام آباد میں 43 ہزار 485، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 828 جب کہ گلگت بلتستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 951 ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1384 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 35491 ہو گئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 16 مصدقہ مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اس طرح ملک میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 12617 ہو گئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 226 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1384 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 35491 ہو گئی ہے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عوام کورونا ویکسین سے متعلق گمراہ کن اور جھوٹی باتوں پر کان نہ دھریں اور ویکسین لگوانے میں سستی سے کام نہ لیں، تمام منظور کی جانے والی ویکسینز کی شدید بیماری میں افادیت کی سطح 90 فیصد سے زائد ہے جو بہترین ہے۔ کورونا ویکسین لگوانے کے بعداسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطا ن نے کہا میں نے سائنو فارم ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے، یہ ویکسین بطور ڈاکٹر میں نے لگوائی ہے، ایکساترا زینیکا کی ڈوزز مارچ کے پہلے ہفتے آنا شروع ہوجائیں گی۔جون سے پہلے سترہ ملین ڈوزز آجائیں گی۔اگر آپ جنرل ورکر ہیں تو ہم نے ویب سائٹ دے دی ہے اس پر رجسٹریشن کرائیں۔انہوں نے کہا معمر افراد کو ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا سلسلہ چل رہا ہے، پہلے ہم نے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کیا تھا اب دو روز قبل 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا بھی آغاز ہوچکا ہے اور امید ہے کہ ان افراد کو مارچ کے پہلے ہفتے سے ویکسین لگانا شروع کردی جائے گی اور انہیں ایسٹرازینیکا ویکسین لگائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر بھول جائیں، احتیاط اب بھی ضروری ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا ویکسین کے متعلق ابھی بڑے پیمانے پر مہم اس لیے نہیں چلائی کیونکہ ابھی خوراکیں زیادہ تعداد میں نہیں تھیں، تاہم آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر مہم چلانے کا منصوبہ بنا لیا گیا ہے۔عالمی سطح پر ایسٹرازینیکا ویکسین کے نتائج کے حوالے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اس سے متعلق سامنے آنے والی معلومات نامکمل ہے جس کے باعث عوام ابہام کا شکار ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا کورونا میں میڈیا کا کردار مثالی رہا۔