قومی ٹیم میں شامل ہونے کیلیے محنت جاری رکھوں گا،ارشد اقبال

199

کراچی(اے پی پی) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کی فرنچائزڈ کراچی کنگز کے فاسٹ بولر ارشد اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 6 اس لحاظ سے بھی قومی کھلاڑیوں کے لیے بہت اہم ہے کہ آئی سی سی ٹی -20 ورلڈکپ 2021اکتوبر میں شیڈول ہے لہذا تمام کھلاڑی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے یہاں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ارشد اقبال نے رواں ایڈیشن کے پہلے میچ میں نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔انہو ں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایونٹ کے افتتاحی میچ میں چار اوورز میں 16 رنز کے عوض3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ اس عمدہ کارکردگی نے کوئٹہ جیسی خطرناک ٹیم کو اپنے افتتاحی میچ میں 121رنز تک ہی محدود رکھا، نوجوان بولر ارشد اقبال کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ارشداقبال پر امید ہیں کہ اب عظیم آغاز ہو نے والا ہے اور وہ قومی جھنڈے کو بلند کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں عمدہ کارکردگی سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہواہے، گزشتہ ایڈیشن اور نیشنل ٹی -20 کپ کی فارم کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔ارشداقبال اب قومی کرکٹ ٹیم میں نمائندگی کے لیے پرجوش ہیں۔ان کا کہنا ہے اپنے ملک کی نمائندگی ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ بہتر سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔