بھارتی نیٹ ورک پاکستان کیخلاف جھوٹا مواد بناتا رہا ہے‘شاہ محمود

116

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی نیٹ ورک برسلز اور جنیوا سمیت دنیا کے اہم شہروں میں پاکستان کے خلاف جھوٹے مواد کی تیاری کرتا رہا ہے،عالمی برادری بھارت کی جانب سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کرنے کی منظم سازش کا نوٹس لے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے جھوٹے، بے بنیاد پروپیگنڈے سے عالمی برادری کو مسلسل باخبر رکھتے رہے،ناقابل تردید ثبوت ایک ڈوزئیر کے ذریعے دنیا بھر کے سامنے پیش کیے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیجیٹل میڈیا دور میں تمام ریاستی و غیر ریاستی عناصر بین الاقوامی رائے عامہ ہموار کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کو بروئے کار لاتے ہیں،مجھے یقین ہے کہ شرکا ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ تحقیقاتی رپورٹ سے باخبر ہوں گے، جس میں بھارت کی جانب سے گزشتہ 15 سال میں پاکستان کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش کو بے نقاب کیا گیا ہے، ای یو ڈس انفولیب کی یہ دوسری تحقیقاتی رپورٹ 9 دسمبر 2020ء کو منظر عام پر آئی۔اس رپورٹ میں واضح کیاگیا کہ کس طرح بھارت فرضی این جی اوز، جعلی ویب سائٹس اور حتیٰ کہ مرے ہوئے لوگوں کو زندہ ظاہر کر کے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی مذموم سازش میں مصروف رہا ہے۔