کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی‘38 ہلاک‘ 905افراد صحت یاب

172

کراچی / اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل کمی ہو رہی ہے‘وبا سے مزید38 مریض ہلاک ہوئے جبکہ 905 افراد صحت یاب ہوئے۔ اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 41 ہزار 395 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 86 لاکھ 86 ہزار 242 ہوگئی ہے۔ مزید ایک ہزار329 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں‘ اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 71 ہزار 174 ہوگئی۔ موجودہ مریضوںکی تعداد24 ہزار 466 ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے مزید 38 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 12 ہزار 601 ہوگئیں۔ ایک دن میں مزید 905 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 34 ہزار 107 ہوگئی ہے۔ وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح 2.2 فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 93.5فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران صوبے میںکورونا وائرس سے مزید 4 مریض انتقال کرگئے‘ مزید11040 ٹیسٹ کرنے سے386 نئے کیس سامنے آئے‘ مزید 319 مریض صحت یاب ہوئے‘ اس وقت 12816 مریض زیر علاج ہیں‘ 397 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے52 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ386 نئے کیسز میں سے177 کا تعلق کراچی سے ہے۔