گورنر سندھ سے وفاقی وزراکی ملاقات‘ ترقیاتی منصوبوں پر غور

135

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزرا عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، میاں محمد سومرو اور فوزیہ ارشدنیملاقات کی جس میں وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبوں، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہی ترقی کے مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلا تفریق وفاقی ترقیاتی پروگرامز شروع کیے جائیں گے‘ پینے کے صاف پانی کا عظیم منصوبہ ’کے فور‘ بہت جلد مکمل ہو جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاق اپنی ذمے داری سے بڑھ کر شہر کی ترقی پر خرچ کر رہا ہے اور متعدد میگا پروجیکٹس تشکیل دیے جا رہے ہیں۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے بروقت ترقیاتی فنڈز جاری ہونے سے ہی منصوبے وقت پر مکمل کیے جا سکتے ہیں۔ میاں محمد سومرونے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعظم عمران خان کا وژن خوش آئند ہے۔ فوزیہ ارشد کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔