حلیم عادل عدالتی ریمانڈپر25فروری تک جیل منتقل(بی کلاس دینے کی درخواست دائر)

165

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، سمیر میر شیخ و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دینے سے انکار کرتے ہوئے تمام ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ ہفتے کو انسداد دہشت گردی عدالت میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، سمیر میر شیخ ودیگر ملزمان کوپیش کیا گیا، ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا میرے مؤکل کو کل جیل کسٹڈی ہونے کے باجود دوبارہ ایک اور کیس میں راہداری پر لیا گیا، جس پر عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے اس کیس پر بات کریں جس پر کسٹڈی لائے ہیں، آپ لوگوں کو یہ بھی نہیں معلوم کہ کس کیس میں لائے ہیں، وکیل نے کہا کہ حلیم عادل کے کمرے میں کل سانپ بھی چھوڑا گیا تھا، جس پر جج نے ریمارکس دیے کیا آپ کو سانپ مارنا نہیں آتا،سانپ پر پیر رکھ دو تو وہ مر جاتا ہے، عدالت میں حلیم عادل کو بی کلاس دینے کی درخواست دائر کی گئی، عدالت کا کہنا تھا کہ ڈگری چیک کی جائے گی وکیل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ہیں جعلی ڈگری ہوتی تو عہدے پر کیسے ہوتے، عدالت کا کہناتھا کہ کراچی ہے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ وکلا کا کہناتھا کہ سینٹرل جیل میں پیپلزپارٹی کا اثر ورسوخ ہے لانڈھی جیل بھیجا جائے۔ پولیس نے ملزمان کو مزید ریمانڈ پر دینے کی استدعا کر دی، عدالت نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دینے سے انکار کرتے ہوئے عدالتی ریمانڈ پر 25 فروری تک جیل بھیج دیا۔ عدالت میں سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل کا کہنا تھا کہ مجھے سینیٹ الیکشن سے دور رکھنے کے لیے گرفتار کیا گیا ہے ،ناصر شاہ نے ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا ہے، بلاول نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان رابطے میں ہیں۔