جدہ (سید مسرت خلیل/بیورو چیف) سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف اے) اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے زیر اہتمام سعودی عرب کے11 بڑے شہروں میں قومی کرکٹ چمپیئن شپ کاآغاز ہو گیا۔ سعودی عرب میں ہزاروں کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں کا جوش عروج پرپہنچ چکا ہے قومی کرکٹ چمپیئن شپ اپریل تک جاری رہے گی اس میں تقریبا 7000 رجسٹرڈ کھلاڑی اور 450 سے زائد آفیشلزحصہ لیں گے۔میگا مقابلے میں369 ٹیموں اور 15 کرکٹ ایسوسی ایشنوں کے800 سے زیادہ کھلاڑی حصہ لیں گے ، 106 گراؤنڈز پر ہر جمعہ کو میچ کھیلے جائیں گے۔456 رضاکار انتظامات کی دیکھ بھال اور میچوں بہترین انداز میں چلانے میں مدد کریں گے۔ میزبان شہروں میں ریاض ، دمام ، جبیل ، جدہ ، مدینہ ، ینبع ، تبوک ، ابھا ، جیزان ، القسیم اور نجران شامل ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ مختلف اقدامات میں مجموعی طور پر 22ہزارسے زیادہ افراد حصہ لیں گے ، جن کی وزارت کھیل اور سعودی عرب کی اولمپک کمیٹی کی حمایت ہے۔ وزارت صحت کی فراہم کردہ کوویڈ 19 کے رہنما اصولوں کے تحت تمام میچز اور سرگرمیاں سختی سے کھیلی جائیں گی۔ سعودی اسپورٹس فار آل فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولیدبن طلال آل سعود نے کہا ہے کہ اب ہمیں فخر ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیوں کا احاطہ سعودی عرب میں مختلف علاقوں میں بہت وسیع ہوگیا ہے۔اب ہم نتائج دیکھنے کے منتظر ہیں۔سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کا قیام 2020 میں سعودی عربین اولمپک کمیٹی اور وزارت کھیل کے زیراہتمام عمل میں آیا تھا ، جس میں پرنس سعود بن مشعل آل سعود اس کے پہلے صدر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مقرر ہیں۔