پی سی بی نے دورہ جنوبی افریقا کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا

131

لاہور(سید وزیرعلی قادری)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپریل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔دورے میں 3ایک روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ دورے میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی، جہاں 2، 4 اور 7 اپریل کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔سیریز کا پہلا اور تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ پریٹوریا جبکہ دوسرا ون ڈے میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مدمقابل آئیں گی۔ ابتدائی طور پر یہ سیریز تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل تھی تاہم کرکٹ جنوبی افریقا کی درخواست پر اس سیریز میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کا اضافہ کردیا گیا ہے۔پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 10 اور 12 اپریل کو جوہانسبرگ جبکہ اگلے دونوں میچز پریٹوریا میں کھیلے جائیں گے۔یہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل پاکستان کی دوسری سیریز ہے۔پاکستان نے سپرلیگ میں شامل اپنی پہلی سیریز نومبر 2020 میں زمبابوے کے خلاف کھیلی تھی، جہاں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ فی الحال قومی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔