محمد رضوان تینو ں طرز کی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والوں میں شامل

601

پاکستان محمد رضوان تینوں طرز کی بین الاقومی کرکٹ میں سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں102 منٹ میں64 بالوں پر چھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 104 رن بناکر ایسا کیا۔ یہ 27 ویں ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کی19 ویں اننگ میں انکی پہلی سنچری تھی۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے محمد رضوان نے اس سے پہلے35 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی31 اننگوں میں دو اور13 ٹیسٹ میچوں کی20 اننگوں میں ایک سنچری بنائی تھی۔
محمد رضوان تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والے پاکستان کے دوسرے اور کل ملاکر سولہویں بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے ایسا صرف ایک وکٹ کیپر نے کیا تھا اور وہ وکٹ کیپر نیوزی لینڈ کے برینڈن میکو لم ہیں۔
احمد شہزاد نے13 ٹیسٹ میچوں کی25 اننگز میں تین، 81 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی 81 اننگوں میں چھ اور 59 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی59 اننگوں میں ایک سنچری بنائی ہے۔تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز ویسٹ انڈیز کے کریس گیل تھے ۔ جنوبی افریقاکے خلاف جوہانسبرگ میں11 ستمبر2007 کو انہوں نے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں75 منٹ میں57 بالوں پر سات چوکوں اور دس چھکوں کی مدد سے 117 رن بنانے کے بعد ایسا کیا تھا۔ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں یہ پہلی سنچری بھی تھی ۔
کریس گیل نے 103ٹیسٹ میچوں میں پندرہ سنچریاں بنائی ہیں جبکہ 301ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں وہ25 اور58 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں دو سنچریا ں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ محموعی طور پر وہ 462بین الاقوامی میچوں میں42 سنچریوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔
تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کے پاس ہے جنہوں نے 652 بین الاقوامی میچوں میں54 سنچریان بنائی ہیں۔ انہوں نے 149ٹیسٹ میچوں میں34 سنچریاں،448 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں19 اور55 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں ایک سنچری بنائی ہے۔ تیسرا مقام سری لنکا کے تلیکارتنے کے پاس ہے ۔انہوں نے 497 بین الاقوامی میچوں میں39 سنچریاں بنائی ہیں۔
سب سے کم میچوںمیں تینوں طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں سنچریاں بنانے کا اعزازبھارت کے لوکیش راہول کے پاس ہے۔ انہوں نے ایسا15 ویں میچ میں کرلیا تھا۔ ابھی تک انہوں نے116 بین الاقوامی میچوں میں کی135 اننگوں میں گیارہ سنچریاں بنائی ہیں۔36 ٹیسٹ میچوں کی 60 اننگوں میں انہوں نے پانچ سنچریاں بنائی ہیں جبکہ 35 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی 34 اننگوں میں وہ چار سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ 45 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی 41 اننگوں میں میں انکی دو سنچریاں ہیں۔