پی ایس ایل 6،ٹیموں کی ٹریننگ اورمیڈیا کانفرنسزکا شیڈول جاری

265

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی سی بی نے 20فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 2021 کے لیے ٹیموں کی ٹریننگ اورمیڈیا کانفرنسزکا شیڈول جاری کردیا۔کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت میڈیا نمائندگان کوصرف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ ٹریننگ سیشنزکی کوریج کی اجازت ہوگی۔ 7 مارچ تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری رہے والے پہلے مرحلے سے قبل تمام چھ ٹیمیں ٹریننگ سیشنزاورورچوئل میڈیا سیشنزمیں شرکت کریں گی۔ پری ٹورنامنٹ ورچوئل میڈیا سیشنزکے بعد ہرمیچ کے اختتام پرعمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے انٹرویوزواٹس گروپ میں شیئرہوں گے۔پی سی بی کے ترجمان کے مطابق ایونٹ کے لیے ٹریننگ سیشن کا آغاز پیر سے ہورہا ہے، پہلے روزسہ پہر3 بجے پشاورزلمی کی ٹیم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گی، رات ساڑھے سات بجے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گی، منگل کوصبح 11 بجے لاہور قلندرز اورپشاور زلمی کے ورچوئل میڈیا سیشنز ہوں گے، سہ پہر3 بجے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ سیشنزکا آغاز ہوگا۔رات ساڑھے سات بجے ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ سیشنزکا آغاز کریں گی۔