ٹوکیو اولمپکس انتظامی کمیٹی کے سربراہ مستعفی

279

ٹوکیو(آئی ا ین پی) ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ کو خواتین سے متعلق بیان دینے مہنگا پڑ گیا جس کے باعث انہوں نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ موری یوشیرو نے چند روز قبل خواتین کے حوالے سے ہتک آمیز بیان دیا تھا، جس کے باعث ان پر شدید تنقید کی جارہی تھی۔سابقہ وزیراعظم موری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جن بورڈ اجلاسوں میں خواتین شرکت کریں ان میں بہت زیادہ وقت لگتا ہے، بعد ازاں انہوں نے معذرت کرتے ہوئے اپنا بیان واپس لے لیا تھا۔موری یوشیرو کے اس بیان پر سخت تنقید کی گئی جس کا نتیجہ ٹوکیو اولمپکس کھیلوں کے سینکڑوں رضاکاروں کے دستبردار ہونے کی صورت میں سامنے آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نے اپنے استعفے سے متعلق کمیٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے، اس اہم ذمے داری سے مستعفی ہونے کی وجہ یہ ہے کہ وہ خواتین سے متعلق دیے گئے بیان کی ذمے داری قبول کرنا چاہتے ہیں۔موری یوشیرو کی عمر اس وقت 83 سال ہے، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر پہلی بار 1969 میں انہوں نے پارلیمان کے ایوانِ زیریں کی نشست جیتی تھی۔