ارکان قومی اسمبلی کو خریدنے کی روایت نواز شریف نے ڈالی، فواد چوہدری

510

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے  کہ ملک میں ارکان قومی اسمبلی کو خریدنے کی روایت نواز شریف نے ڈالی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نےکہا کہ یہ جو لوگ خریدے اور بیچے جاتے ہیں انہیں مسلم لیگ ن اور ان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ لے کر آتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ٹیکنا لوجی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور شاذیہ مری بے نظیرکے بنائے گئے اصولوں کے خلاف چل رہے ہیں،آج بھی الیکشن جیتنے کے لیے بے نظیر بھٹو کا نام استعمال کیا جاتاہے،چھانگا مانگا کی سیاست کرنے والے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں ہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن اراکین نے اسپیکرڈائس کا گھیراؤ کیا اور گو عمران گو کے نعروں سمیت آٹا مہنگا، چینی چوری اور روٹی مہنگے کے نعرے لگائے گئے۔

اپوزیشن کی ہلڑ بازی کے دوران قومی اسمبلی میں متعدد ارکان دھکم پیل کی وجہ سے گرپڑے جبکہ اپوزیشن ارکان سید قمر نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا مائیک بھی اتار دیا اور وزیرسائنس فواد چوہدری موبائل کے ذریعے وڈیو بناتے رہے۔