اسٹیبلشمنٹ سیاست سے دور رہے اور معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑدے، بلاول بھٹو

368

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈلائن کے مطابق استعفی دینے میں ناکام ہوگئے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ اب سیاسی کھیل سیاستدانوں پر چھوڑدے یا تنازعات کے لیے تیار رہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی ڈیڈلائن ختم ہونے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈلائن پراستعفیٰ دینے میں ناکام ہوئے ہیں، وزیراعظم کا استعفیٰ دراصل ان کی ناجائز حکومت کیلئے ایک باعزت موقع تھا اور وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفیٰ دے کرآزادنہ و منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو آگے بڑھاسکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر تاریخی غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کو مسلط کردیا ہے، متحدہ اپوزیشن کو اب کٹھ پتلیوں کو ہر صورت میں ہٹانا ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری طریقہ کار پر یقین رکھتی ہے, پارلیمان کے اندر اور باہر سے مسلسل مشترکہ کاوشیں یقینی کامیابی کی وجہ بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ہمارے پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں زیربحث آئے گا، سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست سے بچنے کے لئے قوانین میں تبدیلی سے حکومتی مایوسی عیاں ہوچکی ہے، سینیٹ انتخابات ثابت کردیں گے کہ حکومت کی بنیادیں غیرمستحکم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ اب سیاسی لڑائیوں کا معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑدے یا خود کو تنازعات سے دوچار ہونے کا خطرہ مول لے، صرف وہی حکومت عوام کی خدمت کرسکتی ہے کہ جسے عوام نے منتخب کیا ہو۔