پاکستان کپ،سینٹرل پنجاب سندھ کو ہرکاکر فائنل میں پہنچ گیا

423

کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) پاکستان کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سینٹرل پنجاب نے سندھ کو127رنزکے بھاری مارجن سے شکست دے کرفائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے،ایونٹ کا فائنل اتوار 31جنوری کو اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کھیلا جائے گا، دوسرے سیمی فائنل میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی۔ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں 340 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 36.5 اوورز میں 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میچ کے اہم موقع پر نصف سنچری اسکور کرنے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر آلرائونڈر ظفر گوہر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں اوپنر خرم منظور اور مڈل آرڈر بیٹسمین سعد علی کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ خرم منظور 88 اور سعدعلی 54 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ عمیر بن یوسف صفر، محمد حسن 9، اسد شفیق 14، دانش عزیز 5، حسان خان 15، میر حمزہ 16، محمد حسنین 5اور محمد عمر 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔سینٹرل پنجاب کے فاسٹ بولر محمد علی نے31رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد بشیر اور عثمان قادر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ظفر گوہر نے 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل سندھ کے کپتان اسد شفیق نے ٹاس جیت کر سینٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو فاتح ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339رنز بنائے۔اوپنر رضوان حسین کی 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں پر مشتمل 56 رنز کی اننگز نے سینٹرل پنجاب کو 87 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس دوران اوپنر طیب طاہر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ وہ 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے پویلین واپس لوٹنے پرسینٹرل پنجاب کے بلے باز لمبی پارٹنرشپ لگانے میں کامیاب نہ ہوسکے تاہم ساتویں نمبر پر میدان میں اترنے والے ظفر گوہر نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 53 رنز اسکور کرکے ٹیم کا مجموعہ 300کے پار لگانے میں مدد کی۔سندھ کے حسان خان، محمد حسنین اور شاہنواز دھنی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔