ٹیم پر اعتماد ہے،نتائج توقعات کے مطابق لانے کی کوشش کرینگے ،بابر اعظم

337
 آسٹریلیوی ٹیم سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں ہے، بابر اعظم 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم پراعتماد ہے، نتائج قومی ٹیم کے حق میں لانے کی کوشش کریں گے، جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں کو قابو کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، میرے لئے بہت خوش آئند بات ہے کہ کپتان کی حیثیت سے میرا ٹیسٹ ڈیبیو اپنے ہی ملک میں ہورہا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پیر کو ورجوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ کافی عرصہ بعد پاکستان میں ایک اچھی ٹیم آئی ہے، ہماری ٹیم میچ کھیلنے کے لئے پرجوش ہے، ٹیم گذشتہ ایک ہفتے سے پریکٹس اور ٹریننگ سیشن کررہی ہے اور پریکٹس میچ کھیلنے سے ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا ہے، ہمارا ٹیم کمبینیشن بہت اچھا ہے جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچز کے لئے بہت تیاریاں کی ہیں، ٹیم پراعتماد ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ نتائج پاکستان کے حق میں آئیں۔ بابراعظم نے کہا کہ ہمیں ماضی کے ریکارڈز کو بھلاکر آنے والی سیریز کے بارے میں سوچنا چاہئیے، ہماری ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اپنی تیاریوں کے مطابق100فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ میرے لئے بہت خوش آئند بات ہے کہ کپتان کی حیثیت سے میرا ٹیسٹ ڈیبیو اپنے ملک میں ہی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقاکی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن ہم اپنی پوری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے ہوئے ہیں اور انہیں یہاں کی کنڈینشنز کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہماری ٹیم کے کمبینیشن کا سب کو معلوم ہوجائے گا لیکن ہماری کوشش یہی ہے کہ جو ٹیم کے لئے بہتر ہو، اسی کمینینشن کے ساتھ ہم میدان میں جائیں۔ اپنے ملک میں کھیلنے کا یہی فائدہ ہوتا ہے کہ کنڈیشنز کا علم ہوتاہے اور اسی کے مطابق پرفارمنس دینے کی کوشش کی جاتی ہے، مائنڈ بلکل کلیئر ہے کہ ہم نے کس طرح کی ٹیم میدان میں اتارنی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ صرف بابر اعظم کی وجہ سے بیٹنگ میں کارکردگی اچھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دیگر بیٹسمینوں کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور میری کارکردگی کا دارومدار بھی ٹیم کی وجہ سے ہی ہے۔