ایس این ٹی وی اور پی سی بی کے معاہدے میں توسیع

340

کراچی (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایس این ٹی وی کے درمیان معاہدے میں توسیع کے بعد اب ایس این ٹی وی پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آج سے شروع ہونے والی سیریز اور پاکستان سپر لیگ 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا کے 115 ممالک تک پہنچائے گا۔ 2007 کے بعد یہ جنوبی افریقا کی پاکستان میں پہلی کرکٹ سیریز ہے۔ سیریز 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل ہے۔ پی ایس ایل 2021 کے تمام 34 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ اس پارٹنرشپ کے مطابق ایس این ٹی وی ان تمام میچز کی جھلکیاں روزانہ کی بنیاد پر اپنے 1200 سے زائد کلائنٹس کو بھیجے گا۔ایس این ٹی وی کا قیام 1996 میں عمل میں آیا، یہ ایک ورلڈ کلاس اسپورٹس ویڈیو پارٹنر ہے جو کہ مجموعی طور پر 115 سے زائد ممالک میں مسلسل 24 گھنٹے اپنا کنٹنٹ بھیجتا ہے۔ ایس این ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان شراکت داری گزشتہ سال قائم ہوئی تھی۔
، جس کے مطابق ایس این ٹی وی نے پی ایس ایل 2020 کی جھلکیاں دنیا میں موجود اپنے کلائنٹس کو فراہم کی تھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ ایس این ٹی وی پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا کرکٹ سیریز اور پاکستان سپر لیگ 2021 کے میچز کی جھلکیاں دنیا میں پہنچائے گا، جس سے ان دونوں ایونٹس کو دنیا میں کوریج ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شراکت داری میں اس توسیع سے پی سی بی اور ایس این ٹی وی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ جب پاکستان کے انٹرنیشنل میچز اور پی ایس ایل 2021 کی جھلکیاں دنیا میں موجود کرکٹ فینز تک پہنچیں گی تو اس سے پاکستان کرکٹ کی پروفائل بڑھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال سے دنیا میں پاکستان کرکٹ کے تشخص میں اضافہ ہوا ہے، جس کی واضح مثال مختلف ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمدہے۔ وسیم خان نے کہا کہ غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد پر پی ایس ایل 2020 نے کیٹالسٹ کا کردار ادا کیا ہے، لیگ میں شریک کھلاڑیوں نے یہاں6 ہفتے گزارے اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ٹیسٹ پلیئنگ ملک ہے۔ ایس این ٹی وی کے ایم ڈی جیمز ڈوب نے کہا کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ معاہدے میں توسیع پر بہت خوش ہیں، اس نئے معاہدے کے تحت اب ہم پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز او پی ایس ایل 2021 کے تمام میچز کی جھلکیاں دنیا تک پہنچائیں گے۔