اظہرعلی نے نیوزی لینڈ میںبیٹنگ کو کامیاب قرار دیدیا

297

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہمارے لوگ اچھی کارکردگی پر سر پر چڑھادیتے ہیں اور ناقص کارکردگی پر فوراً سے نیچے گرادیتے ہیں تاہم یہ سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے تجربہ کار بلے باز اظہرعلی نے کہا ہے کہ ہر سیریز میں کھلاڑی پر دباؤ ہوتا ہے، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں بھی نئے کھلاڑیوں پر بھی دباؤ ہوگا، کھلاڑی کو خدشہ رہتا ہے کہ خراب کارکردگی پر اسے ٹیم سے نکال دیا جائے گا، نئے کھلاڑی بھی اپنی اسکلز پر بھروسہ کریں، دباؤ سے بالا تر ہوکرکھیل سے لطف اندوز ہونے کی کوشش کریں، دباؤ سے نکالنے کے لیے فیملیز کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی،لیکن اب فیملیز کو بھی پتہ چل رہا ہے کہ کیا مشکلات ہوتی ہیں۔اظہر علی کا کہنا تھا کہ کورونا کے حالات چیلنج ہیں، ان ہی حالات میں کھیلنا ہوگا، کپتان بابر اعظم کے واپس آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے، جنوبی افریقا ایک مضبوط ٹیم ہے، اس میں تجربے کار بیٹسمیںن اور باصلاحیت فاسٹ بولرز اور اسپنرزموجود ہیں تاہم ہوم کنڈیشنز سے ہمیشہ فائدہ ہوتا ہے،ہم بھی ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، گزشتہ دو ہوم سیریز میں پاکستان نے اچھی کارکردگی دکھائی۔