قومی اسکواڈ کا حصہ بننا اپردیر کے عوام کیلئے اعزاز کی بات ہے،کامران غلام

589

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپر دیر سے تعلق رکھنے والے25سالہ بلے باز کامران غلام نے ڈومیسٹک سیزن 2020-21میں 1249 رنز بنا کر نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ اس شاندار ریکارڈ کی بدولت کامران غلام نہ صرف پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ائیر 2020 قرار پائے بلکہ اس کے ساتھ نوجوان کرکٹر کو جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اعلان کردہ 20 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا۔ اس حوالے سے نوجوان بیٹسمین کامران غلام نے کہا کہ قومی اسکواڈ میں نام آنے پر وہ اور ان کے اہلخانہ بہت خوش ہیں، یہ ان کی فیملی کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے، 20 رکنی اسکواڈ میں شمولیت ان کے شہر اور ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے بھائیوں اور پشاور کی ارشد خان کرکٹ اکیڈمی کا بہت کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ ہم میں سے 11 بہترین کھلاڑی ہی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے مگر دیگر9 کھلاڑیوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں آنا اور یہاں ٹریننگ کرنا، اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا ایک بہترین موقع ہے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ معروف فرسٹ کلاس کرکٹر سعادت علی کے پاس تھا، انہوں سیزن 1983-84میں 1217رنز بنائے تھے۔کامران غلام نے کہا کہ ہماری سلیکشن سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 2010میں کیا تھا۔ وہ کرکٹ کھیلنے کی غرض سے اپر دیر سے پشاور منتقل ہوئے۔ اس سفر میں ان کے بھائیوں نے ان کی معاونت کی۔ نوجوان کرکٹر 2013میں دورہ انگلینڈ کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے، میزبان ٹیم کے خلاف بہتر کارکردگی کی بدولت انہیں انڈر 19ایشیا کپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کا موقع ملا۔